(باخبر سوات ڈاٹ کام)زرعی یونیورسٹی سوات کے سنڈیکیٹ کا ساتواں اجلاس، طلبہ کے وظائف کے فنڈ میں چار کروڑ روپے کے اضافہ کی منظوری۔ شرکا نے یونیورسٹی کی بہترین مالی وانتظامی نظم و ضبط کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ ایجنڈے کے تمام نکات منظور کئے گئے۔ زرعی یونیورسٹی سوات کے سنڈیکیٹ کا ساتواں اجلاس زیرِ صدارت پروفیسر ڈاکٹر داؤد جان منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابقہ چیف کنزرویٹر فارسٹ ثناء اللہ خان، اعلیٰ تعلیمی کمیشن اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر غلام رضا بھٹی، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ایڈیشنل سیکریٹری جاوید اقبال، محکمہ ایسٹیبلشمنٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری جمال الدین، محکمہ زراعت کے ڈپٹی سیکریٹری زین علی رضا، محکمہ خزانہ کی ڈپٹی سیکریٹری عکاشہ کرن، زرعی یونیورسٹی کے مشیر خزانہ اکبر خان اور پٹی رجسٹرار ڈاکٹر ابرارالحق نے شرکت کی۔ میاں اقبال شاہ اور غیور دانش نے اجلاس کی معاونت کی۔ اجلاس نے اپنے چٹھے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل در آمد، فنانس کمیٹی کے آٹھویں اجلاس کی سفارشات، جن میں انوسٹمنٹ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق، طلبہ کے لئے کانٹریبیوٹری ویلفیئر فنڈ کا قیام، امتحانات اور ٹرانسپورٹ کے لئے فیسوں کا تعین، ایڈوائزر ز کی تعیناتی، وظائف کا صوبے کے تمام اضلاع کے طلبہ تک توسیع، اینوسٹمنٹ پالیسی کی منظوری، ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 36 ہزار تک بڑھانے، یونیورسٹی میں اعلیٰ ماہرین کے لیکچر سیریز کا آغاز اور وظائف کے اینڈوومنٹ فنڈ میں چار کروڑ روپے کے اضافہ جیسی تجاویز پر غور کیا اور ان تمام تجاویز کی منظوری دی۔
