(باخبر سوات ڈاٹ کام)انتظامیہ کی جانب سے دریائے سوات کے کنارے مبینہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فضاگٹ کے مقام پر کالام روڈ دن بھر میدان جنگ بنی رہی۔ سٹی میئر شاہد علی خان، ملاکنڈ ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کے لئے جب مشینری روانہ کی گئی تو سٹی میئر اور ٹریڈرز صدر ساتھیوں سمیت فضاگٹ پہنچ گئے اور احتجاجا سڑک بند کرکے انتظامیہ اور ان کی مشینری کو آگے جانے نہیں دیا گیا۔ سخت مزاحمت کے بعد پولیس نے مظاہرین پر ہوائی فائرنگ کی اور احتجاج کرنے والے تاجروں کے صدر عبدالرحیم، سٹی میئر شاہد علی خان اور ڈاکٹر خالد محمود خالد کو متعدد افراد سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ روڈ بند ہونے کی وجہ سے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی تھیں۔
