(باخبر سوات ڈاٹ کام) والئی سوات کی شاہی حویلی پر حملے اور شاہی خاندان کو گالیاں دینے پر صوبائی وزیر فضل حکیم اور ان کے خاندان کے حملہ آوروں کے خلاف شاہی حویلی، سیدو شریف میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شہزادی زیب النساء، شہزادہ میاں گل شہر یار امیر زیب اور علاقہ مشران نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی وزیر فضل حکیم اور ان کے خاندان کے افراد نے گذشتہ روز شاہی محل پر حملہ کرکے اور شاہی خاندان کے افراد کو گالیاں دے کر اپنی اصلیت دکھائی۔ انہوں نے سوات پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس غنڈہ گردی اور پولیس کو درخواست دینے کے باوجود پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جرگے کے فیصلے سے بھاگنے والے پختون نہیں ہوتے۔ مقررین نے کہا کہ شاہی حویلی کے حوالے سے جرگہ نے صوبائی وزیر کو 17 کروڑ روپے دئے لیکن اس کے باوجود ہم نے جرگے کے فیصلے کو تسلیم کیا۔ کیوں کہ جرگہ میں عالم اور غیر جانبدار ممبران ہیں۔ مقررین نے کہا کہ والی سوات کے بنگلے میں قیام سے کوئی والی سوات نہیں بن سکتا۔
