سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے واضح کیا ہے کہ مسائل کی دلدل سے نکلنے کی خاطر سواتی عوام کے لیے ’’سوات لویہ جرگہ‘‘ کا قیام ناگزیر ہے۔ ہمیں ایک ایسے فورم کی ضرورت ہے جو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہواور جسے پورے سوات کے عوام کا اعتماد حاصل ہو۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوات کے بنیادی مسائل، محرومیوں اور نا انصافیوں کے خاتمے کے لئے قبل ازیں کسی بھی وقت حقیقی معنوں میں آواز بلند نہیں کی گئی۔ البتہ اپنی سیاسی مقاصدحاصل کئے گئے اور خود مالا مال ہوگئے۔ لیکن سوات کے عوام کی حقیقی محرومیاں کمی کی بجائے روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ حالیہ خوفناک اور دردناک طالبانائزیشن کی تحریک اور فوجی آپریشن میں جس قدر ضلع سوات کی سیاحت، زراعت، صنعت اور تجارت متاثر ہوئی ہے، وہ ایک تلخ حقیقت ہے لیکن ضلع کی سطح پر حقیقی جرگہ اور مخلص قیادت نہ ہونے کی وجہ سے شنوائی نہیں ہوئی۔اسٹیٹ اور عوام کے درمیان فاصلوں کو مخصوص طبقہ نے ذریعۂ معاش بنالیا ہے۔ سادہ لوح عوام اور محب وطن پاکستانی اسٹیٹ سے روز بروز متنفر ہوتے چلے جا رہے ہیں جس سے ایک نیا بحران جنم لینے کا خدشہ ہے۔
Swat
