سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ شہر میں ماہِ رمضان میں کتوں کا گوشت اور اس کا قیمہ بنا کر فروخت کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ سیدو شریف پولیس کے مطابق گذشتہ روز سیدو شریف کے علاقہ گل کدہ نمبر 1 میں ندی کنارے ایک شخص کتے کو مار کر اس کا چمڑا نکال رہا تھا کہ پولیس نے دورانِ گشت گرفتار کرلیا۔ ملزم عادل سکنہ شریف آباد مینگورہ نے پولیس کے سامنے اقبالِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک عرصہ سے کتوں کو مار کر اس کا گوشت اور گوشت سے قیمہ بنا کر شہر کے قصائیوں کو فروخت کرتا تھا۔ قصائی آگے گاہگوں کو یہی گوشت فروخت کرتے تھے۔ ملزم عادل کے مطابق وہ درجنوں کتوں کو مار کر اس کا گوشت یا گوشت کا قیمہ قصائیوں کو فروخت کرتا چلا آیا ہے۔ ملزم کے مطابق وہ شہر میں مختلف قصائیوں کو کتوں کا گوشت فروخت کرتا تھا لیکن حاجی بابا روڈ پرایک قصائی ان سے سب سے زیادہ گوشت لے کر فروخت کرتا تھا۔ سیدو شریف پولیس نے ملزم کے خلاف دفعات 269,273,3/6,FSA1890 کے تحت ایف آئی آر درج کرادی ۔ مینگورہ شہر میں کتوں کا گوشت فروخت کرنے والے ملزم عادل کے مطابق ایک کتے کا گوشت یا اس سے بنایا گیا قیمہ اس سے قصائی ایک سے دو ہزار روپے میں لے لیتے تھے۔قصائی کتوں کا یہ گوشت بازار میں عام گوشت کے نرخ پر فروخت کرتے تھے۔ ملزم کے مطابق اب تک وہ درجنوں کتوں کا گوشت شہر میں مختلف قصائیوں کو فروخت کرچکا ہے جو قصائی آگے چل کر عام لوگوں کو فروخت کر چکے ہیں۔ شہر میں کتوں کا گوشت فروخت کرنے والے ملزم کو سیدو شریف پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا، جہاں عدالت میں کاغذی کارروائی کے بعد ملزم عادل کو جوڈیشل ریمانڈ پر تیمرگرہ جیل بھیج دیا گیا ۔ مینگورہ شہر میں کتوں کے گوشت کی فروخت سے پہلے مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا تھا جس پر انتظامیہ نے شہر میں مرغیوں کے ایک مین ڈیلر کی دکان پر چھاپہ مار کر سیکڑوں کی تعداد میں مرغیاں برآمد کی تھیں جو ملزم شہر کے مختلف ریسٹورنٹ اور شوارما بنانے والے دکانداروں کو فروخت کرتا تھا ۔ ملزم کو جرمانہ کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا، جو ضمانت ملنے کے بعد اب رہا ہوگیا ہے۔
Swat
