سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ نے سوات میں طلبہ و طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ضلع میں تین نئے کالجوں کے قیام کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے محکمۂ منصوبہ بندی و ترقیات کے ذریعے جامع سروے کرایا جائے گا، نہ صرف سوات بلکہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ٹیکنیکل بنیاد پر سروے رپورٹ مکمل کرکے ان علاقوں اور مقامات کی نشاندہی کی جائے گی، جہاں نئے بوائز اور گرلز کالجوں کی اشد ضرورت ہوگی اور اسی بنیاد پر ترقیاتی عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ وہ اپنے دفتر سیدوشریف میں سوات میں میٹرک کے حالیہ نتائج کے تناظر میں طلبہ و طالبات کے داخلوں میں حائل مشکلات سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں گورنمنٹ جہانزیب ڈگری کالج کے زیرتعمیر بلاکس کی جلد تکمیل اور اضافی تدریسی عملے کی بھرتی سمیت کئی دیگر امور کا بطور خاص جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کیے گئے۔ کمشنر ملاکنڈ نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گذشتہ سال میڈیکل، انجینئرنگ اورکمپیوٹر سائنس کی سیٹوں میں اضافے کے باعث چونکہ اس سال لیکچررز اور کلاس رومز کی کمی کا مسئلہ درپیش ہوگا۔ اسلئے کنٹریکٹ پر کوالیفائیڈ لیکچررز کی بھرتی کے علاوہ نئے بلاک تعمیر مکمل ہونے تک عارضی طور پر شام کی کلاسز شروع کرنے سمیت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔
Swat