سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) خیبر پختونخوا کا وہیکل ویرفکیشن سسٹم(وی وی ایس)گذشتہ 2ماہ سے بند،پورے صوبے میں چوری شدہ اور ٹمپر گاڑیوں کی تصدیق میں پولیس کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔ وی وی ایس کی بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کار چور گروہ بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ موبائل کمپنی سے ایگریمنٹ ختم ہونے کے بعد نیا ایگریمنٹ نہ ہونے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس نے 2014ء میں چوری شدہ اور ٹمپر گاڑیوں کی تصدیق اور شناخت کے لئے وہیکل ویرفکیشن سسٹم کے نام سے ایک سسٹم متعار ف کرایا تھا۔ ایک موبائل کمپنی سے ایگریمنٹ کیا گیا تھا۔ انٹی کارلفٹنگ سیل سمیت پولیس تھانوں کے ایک سم دے دی گئی تھی جس کے ذریعے روڈ پر چلتی گاڑیوں کی تصدیق ہوجاتی جبکہ خریدوفروخت کے دوران بھی لوگ رابطہ کرکے گاڑیوں کی تصدیق کرواتے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس سسٹم کے ذریعے 2014ء کے بعد سے اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو پکڑ کر ان کے چالان کردیئے گئے ہیں جن میں ہزاروں چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد ہوچکی ہیں۔ تاہم گذشتہ دو ماہ سے یہ سسٹم بند ہوچکا ہے۔
Swat
