سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کی وادئی کالام میں گرینڈ جرگہ نے کالام کی مرکزی شاہراہ پر عید سے قبل رکاوٹیں ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ جرگہ نے بیوٹیفیکیشن منصوبے پر کام کے آغاز کا بھی مطالبہ دہرادیا۔ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے توشدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ وادئی کالام میں منعقدہ جرگہ تحصیل کونسلر نصراللہ انصاری کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں جماعت اسلامی کی جانب سے فضل وہاب بھٹو، پیپلزپارٹی کی جانب سے سردار علی، اے این پی کی جانب سے ملک امیر سید اور تورخان، جے یو آئی سے قاری اقبال، پی ایم ایل، قومی وطن پارٹی سے ملک شہزادہ اور جلات خان، پی ایم ایل این سے ملک فقیرجان، پی ٹی آئی کی جانب سے عبدالحمید سلمان اور ابرار کوہی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ہوٹل ایسوسی ایشن اور جرگہ مشران بھی شامل تھے۔ اجلاس میں انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ کالام سڑک پر ٹھیکیداروں کی جانب سے بے جا رکاوٹوں کو عید سے قبل ختم کیاجائے اور علاقہ کے عوام کی مشکلات کو دور کیا جائے۔ کالام بیوٹیفیکیشن منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے۔ جرگہ نے واضح کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے، تو اگلے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے شدید احتجاج پر مجبورہوں گے۔
