سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہاہے کہ ڈویژن کے 9 اضلاع میں اب تک 20کروناوائرس کے کیس سامنے آئے ہیں۔271 مشتبہ کیسوں میں سے 148 کیس نیگٹو آئے ہیں۔ بیرونی ممالک اور باہر سے 15166 افراد ملاکنڈ ڈویژن میں داخل ہوئے ہیں جن میں سے12501 بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کی سکریننگ مکمل ہوچکی ہے۔ کرونا سے محفوظ اپرچترال اور لوئرچترال کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔ چترالی مکین جہاں ہیں وہاں رہیں۔ چترال آنے کی زحمت نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرگہ سیدوشریف میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم بھی موجود تھے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن کے نو اضلاع کی ایک کروڑ آبادی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہیں۔ تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 1420کمروں پر مشتمل 65 قرنطینہ سنٹرز قائم کردئے گئے ہیں۔ 1226 بیڈز پر مشتمل 47آئی سو لیشن یونٹ بھی قائم کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب تک 271 کیسوں میں سے 20کیس مثبت آچکے ہیں، جبکہ دیر لوئر میں ایک خاتون انتقال کرچکی ہے۔ اسی طرح 148کیس نیگٹو آئے ہیں اور 103کے رزلٹ آنا باقی ہے۔
Swat
