(باخبر سوات ڈاٹ کام)یونین کونسل سیدوشریف کے عوام نے محکمہ واپڈا کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ سیدو شریف یونین کونسل میں واپڈا کی طرف سے بجلی کی آنکھ مچولی شروع کی گئی ہے۔ سیدوشریف کے عوام ہر ماہ باقاعدگی سے بجلی کے بلز کی ادائیگی کے باوجود گھنٹوں گھنٹوں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر نا عوام کے برداشت سے باہر ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے ترجمان اور سابق ناظم سیدو شریف ڈاکٹر خالد محمود خالد نے کہا کہ ایک طرف بدترین بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے اور دوسری طرف ہزاروں روپے کے بل ارسال کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کرنا برداشت سے باہر ہے۔ لہٰذا واپڈا کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سوات کو چاہیے کہ فوری طور پر سیدوشریف یونین کونسل میں ناروا اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر عوام کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔ ورنہ عوام جمعہ مبارک کے بعد آیندہ کے لائحہ کا اعلان کرینگے۔
