Swat

بحرین، دریائے سوات بچاو تحریک کے زیرِ اہتمام زبردست احتجاجی مظاہرہ ریکارڈ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)دریائے سوات پر تین بجلی گھر بنانے اور کالام سے مدین تک دریائے سوات کا پانی ٹنلوں میں منتقل کرنے کے خلاف”دریائے سوات بچاو تحریک“ کے زیرِ اہتمام بحرین میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں زبیر توروالی، ملک نوازش علی، عدالت خان توروالی، خان سعید اور دیگر علاقہ مشران نے کہا کہ ضلع سوات کے بالائی علاقوں بحرین، کالام اور گبرال کی وادیوں میں دریائے سوات پن بجلی کے 4 بڑے منصوبے بنائے جارہے ہیں، جہاں ان علاقوں میں دریائے سوات کو 4 مقامات پر سرنگوں کے اندر ڈالا جائیگا۔ ان چاروں منصوبوں کا مطلب ہوا کہ مدین تا کالام 40 کلومیٹر کے فاصلے میں دریائے سوات سرنگوں میں بہے گا۔ اسی طرح دریائے گبرال جو کہ دریائے سوات کا ایک بڑا معاون دریا ہے، اسے سرنگ میں بہاکر اتروڑ کو بائی پاس کرکے کنئی کے مقام میں سرنگ کے ذریعے نکالا جائے گا۔ ان چاروں منصوبوں سے سب سے زیادہ متاثر توروالی، گوجر اور گاؤری لوگ ہورہے ہیں۔ یہ چاروں پراجیکٹ دریائے سوات کی تباہی کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ مدین تا کالام اور اتروڑ وادیوں کی سیاحت، معیشت، ماحول، جنگلات، موسم، آبی حیات اور علاقے کی آب وہوا کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہونگے۔ احتجاج میں شریک لوگوں نے اعادہ کیا کہ وہ اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے اور دریائے سوات کو بحرین کے دریائے درال کی طرح مرنے نہیں دیں گے۔ دریائے درال کو ایک اسی طرح منصوبے ”درال خوڑ ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ“ کے ذریعے سرنگ میں ڈال کر ماردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے پورے بحرین قصبے کا ماحول اور آب و ہوا خراب ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں