(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات، سعودی پلٹ شوہر نے بیوی کو قتل کردیا اور راتوں رات سعودیہ واپس پہنچ گیا۔ مقتولہ کے والد کو سعودی عرب سے رابطہ کرکے قتل کی اطلاع دی۔ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کردیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق تحصیل کبل کے گاؤں دیولئی شلہنڈ میں سعودی پلٹ شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی کو قتل کردیا۔ مقتولہ کے والد باجوڑے ولد گلشن ساکن تاران کبل نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا کہ مقتولہ مسماۃ (ط)بکی شادی 9/10 سال پہلے عزت خان ولد مزمین ساکن شلہنڈ کے ساتھ ہوئی تھی، جس سے مقتولہ کے تین بچے بھی ہیں، جو کہ حیات ہیں۔ اس نے بتایا کہ اس کا داماد کافی عرصہ سے سعودی عربیہ میں مقیم ہے۔ تین چار ماہ قبل اس کی مقتولہ بیٹی شوکت علی ولد بخت روخان سکنہ نصرت کبل کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے شوکت علی کو سیدو شریف جیل جبکہ مسماۃ (ط) کو دارالامان منتقل کردیا تھا۔ چند دن قبل اس کا داماد سعودی عرب سے واپس آکر اپنی زوجہ کو دارالامان سے گھر واپس لے آیا۔ اس نے مزید بتایا کہ سعودی عربیہ کے نمبر سے اسے موبائل کال موصول ہوئی جوکہ اس کے داماد کی طرف سے تھی۔ اس نے کال پر بتایا کہ اس نے میری بیٹی کو قتل کردیا ہے اور لاش گھر میں پڑی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔
