(باخبر سوات ڈاٹ کام) سیدو شریف تدریسی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت نے ایک اور شخص کی جان لے لی۔ آئی سی یو میں دل کا دورہ پڑنے والے سکول ٹیچر کو معدہ کی دوا دے کر گھر رخصت کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے سکول ٹیچر ہدایت علی شاہ کے بھائی عنایت علی شاہ کے مطابق ان کے بھائی کو گھر میں سینے اورہاتھ میں تکلیف ہوئی جس کے باعث ان کو شعبۂ حادثاتِ اتفاقیہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے ای سی جی کے بعد اس کو آئی سی یو منتقل کیا گیا۔ آئی سی یو میں موجود ڈاکٹر نے اس کو معدہ کی دوا تجویز کرکے گھر رخصت کیا۔ گھر پہنچنے پر اس کو دوبارہ دل کا دورہ پڑا اور جب اس کو ہسپتال پہنچایا گیا تو وہ جانبر نہ ہوسکا ۔ ڈاکٹر کی غفلت کے خلاف مرحوم کے لواحقین نے ہسپتال میں شدید احتجاج کیا جن کے ساتھ باقی مریضوں کے لواحقین بھی احتجاج میں شامل ہوگئے۔ ہسپتال کے ڈی ایم ایس کے مطابق انہوں نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
