(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعظم کے مشیر اور ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ یو ٹرن خان نے ہمیشہ کہا تھا کہ وہ زندگی میں کبھی بھی آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی سے ہاتھ تک نہیں ملائے گا لیکن سینٹ انتخابات میں عمران نیازی نے آصف زرداری کی گود میں بیٹھ کر ان کے امیدواروں کو ووٹ دے کر ثابت کردیا کہ عمران نیازی کی ہر بات جھوٹ ہے اور وہ جھوٹ کی سیاست کرکے پاکستانی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تحصیل کبل کے علاقہ ڈھیرئی میں کبل اور مٹہ کے مختلف علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے بعد ڈھیرئی فٹ بال گراؤنڈ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ زرداری اور نیازی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں لیکن آئندہ عام انتخابات میں اس ملک کے غیور لوگ ایسے منافقوں اور دوغلی پالیسی والوں کی ضمانتیں ضبط کرلیں گے۔ زرداری اور نیازی کے اقتدار کے خواب کو عام انتخابات میں دفن ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اگلے وزیر اعظم میاں شہباز شریف ہوں گے اور وہ پنجاب کے بعد اب ملک کے تمام صوبوں کو پنجاب کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن گریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اپنے قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں متفق اور متحد ہے اور خیبر پختون خواہ کے عوام بھی اگلے انتخابات میں تبدیلی سرکار کو بدترین شکست دے کر ان سے پانچ سالوں تک اس صوبے کے عوام کے ساتھ کھیلنے کا بدلہ لیں گے
Swat
