سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ الزام خان نے خیبر پختون خواہ میں تباہی پھیلائی ہے، خیبر پختون خواہ کو تباہ وبرباد کرکے صرف گالم گلو چ کی سیاست کی ہے، اگلے انتخابات میں اس صوبہ کے عوام الزام خان سے اپنے دیے ہوئے ووٹ کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے، اس کو رسوا کرکے خیبر پختون خواہ سے واپس بھیجیں گے۔ کبل گراونڈ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوات کے لوگوں نے بہادری کے ساتھ کھڑے ہوکر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اپنا گھر بار چھوڑا۔ اس ملک میں دہشت گردی پرویز مشرف اور زرداری کے دور میں آئی تھی۔ہم نے آکر اس ملک سے دہشت گردی اور اندھیروں کو ختم کیا۔ اس ملک میں امن قائم کیا۔ پانچ سال پہلے دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان چھوڑنے والی ملالہ یوسف زئی پاکستان میں امن دیکھ کر آج واپس پاکستان اور سوات آئی ہے۔ انہوں نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے کو حکومت کے آخری مہینوں میں خیال آیا کہ یہ ایک اچھا منصوبہ ہے۔ اب وہ پشاور میں میٹرو بس بنا رہا ہے جو بننے کا نام نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہم نے میٹرو 40 ارب اور راولپنڈی میں 45ارب میں بنائی۔ الزام خان پشاور میں وہی میٹرو بس 75 ارب روپے میں بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بولو الزام خان، باقی پیسے تم کھا رہے ہو یا تمہارے بندے؟ انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات میں اس صوبے میں امیر مقام کی حکومت ہوگی اور امیر مقام اس صوبے کے عوام کا ایک ایک پیسہ تمہاری جیبوں سے نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں عمران خان کو پاکستان کی حکومت نہیں ملی، ورنہ وہ اس ملک کا وہ حشر کرتا جو اس نے اس صوبے کا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام خان نے صرف گالم گلوچ کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ترقی دیکھنی ہو، تو پنجاب آکر دیکھ لو۔ انہوں نے کہا کہ الزام خان نے دو ارب درخت لگانے کا جھوٹا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو ارب درخت کی رقم کون ہڑپ کرگیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں نہ تو کوئی یونیورسٹی بنی نہ ہسپتال اور نہ کوئی سڑک اور اس شخص نے پانچ سال دھرنوں میں ضائع کئے۔اس صوبے کے ہیلی کاپٹروں میں مفت کے مزے لئے۔ نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے سوات میں اس سے پہلے نہ اس طرح کا جلسہ دیکھا اور نہ ہی جذبہ۔ سوات اور اس صوبے کے عوام یہی جذبہ آئندہ انتخابات میں بھی شیر پر مہر لگا کر دکھا ئیں گے۔ جلسہ سے ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے بھی خطاب کیا۔
- کمنٹس
- فیس بک کمنٹس
