Swat

31 ویں آئینی ترمیم، والد کی فوتگی کے بعد بچوں کو جائیداد میں حصہ ملے گا

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام)31 ویں آئینی ترمیم کے بعد اب ملاکنڈ ڈویژن اور کوہستان جو صوبے کے زیر انتظام قبائلی علاقے تھے، میں اب والد کے فوت ہونے کے بعد ان کے بچوں کو جائیداد میں حصہ مل سکے گا۔ فاٹا اور پاٹا کے علاوہ ملک کے باقی تمام حصوں میں شریعت اپلیکیشن ایکٹ 1962ء کے شق 3 کے تحت وہ شخص جو اپنے والے کے دورانِ حیات وفات ہوجائے، تو ان کی وفات کے بعد دادا کی جائیداد میں ان کے بچوں کو حصہ دیا جاتا ہے لیکن ’’پاٹا‘‘ ملاکنڈ ڈویژن اور کوہستان میں یہ قانون نافذ نہ ہونے کی وجہ سے ’’پاٹا‘‘ میں اگر کوئی شخص اپنے والد کے حیات ہونے کے دوران وفات پا جاتا، تو جائیداد میں فوت شدہ شخص کے بیوی بچوں کو حصہ نہیں دیا جاتا تھا۔ 31ویں آئینی ترمیم میں پاٹاکی حیثیت ختم ہونے کے بعد اب ملاکنڈ ڈویژن اور کوہستان میں شریعت اپلیکیشن ایکٹ 1962ء اور اس کا شق نمبر3 نافذ ہوجائیگا جس کے بعد کوئی بھی شخص اگر اپنے والد کے حیات ہونے کے دوران بھی وفات پا جائے، تو اس کی وفات کے بعد فوت شدہ شخص کے بیوہ اور بچوں کو جائیداد میں حصہ ملے گا ۔ 31ویں آئینی ترمیم کے قومی اسمبلی اور سینٹ سے دو تہائی اکثریت سے پاس ہونے کے بعد اب صدر مملکت کے دستخط کے ساتھ ہی خیبر پختون خواہ کے علاقوں ملاکنڈ ڈویژن، کوہستان اور بلوچستان کے اضلاع لور الائی، دال بدین، مری اور بگٹی میں وہ تمام قوانین نافذ ہوں گے جو ملک کے دیگر حصوں میں نافذ ہیں۔ مشرق سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کے سابق جسٹس اور قبائلی قوانین کے ماہر قانون دان شیر محمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ سے دو تہائی اکثریت سے 31ویں آئینی ترمیم کے بعد ان علاقوں کی صوبے کے زیر انتظام قبائلی حیثیت ختم ہوگئی ہے۔ اب صدر مملکت کے دستخط کے بعد ان علاقوں میں وہ تمام ملکی قوانین نافذ ہوں گے جو ملک کے دیگر علاقوں میں نافذ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتوار کو صوبائی اسمبلی نے جو آئینی ترمیم کی ہے، اس میں صوبائی اسمبلی کے ارکان نے صرف اس بارے میں ووٹ دینا تھا کہ وہ ’’فاٹا ‘‘ کو اپنے صوبے کے ساتھ انضام کو تسلیم کرتے ہیں یا نہیں ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختون اسمبلی کا ’’پاٹا‘‘ کے خاتمے کی ترمیم سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے اور قومی اسمبلی اور پھر سینٹ سے 31ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبے کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کا خود بخود خاتمہ ہوگیا ہے

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔