Swat

ملک میں عام انتخابات بروقت ہوں گے، جسٹس (ر) ناصر الملک

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات بروقت ہوں گے۔ نگران وزیر اعظم سمیت نگران کابینہ بروقت صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ نگران وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد اتوار کو انہوں نے دورۂ سوات کے دوران میں سوات کے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق نگران وزیر اعظم دو ماہ سے زیادہ عرصہ نہیں گزار سکتا۔ اس لئے دو ماہ میں تقرری کے دوران صاٖف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کراکے حکومت منتخب عوامی نمائندوں کے حوالے کی جائے گی۔ اس سے پہلے سوات سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان سے ملاقات کی۔ اکثر افراد نے ان کو چکدرہ سے مدین تک سعودی حکومت کے تعاون سے زیر تعمیر اور بحرین سے کالام تک ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے زیر تعمیر سڑکوں میں کام کی سست روی اور سوات میں ناروا لوڈ شیڈنگ کے بارے میں شکایت کی ۔ جس پرانہوں نے کہا کہ وہ سوات کے عوام کی قربانیوں اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ آج پیر کو این ایچ اے اور واپڈا کے چیئرمین سے اس بارے بات کریں گے اور ان سڑکوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائیگا۔ نیز سوات میں لوڈ شیڈنگ کے مسلہ کے حل کے بارے میں بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ ایک صحافی کے اس سوال پر کہ کیا نگران وفاقی کابینہ میں سوات سے کسی کو نمائندگی دی جائے گی کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس بارے ابھی میں کچھ نہیں بتا سکتا۔ البتہ سوات سے نگران وزیر اعظم کا تقرر ہو چکا ہے۔ سوات پہنچنے پر سیدو شریف میں سرکٹ ہاؤس کی ہیلی پیڈ پر ضلع ناظم سوات، کمشنر ملاکنڈ، آر پی او اور ڈی پی او سوات نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ آبائی قبرستان گئے جہاں انہوں نے اپنے والد اور والدہ کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔