سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام ) ملاکنڈڈویژن کی خصوصی حیثیت’’پاٹا‘‘ خاتمے کے خلاف جمعرات 5 جولائی کو ملاکنڈ ڈویژن کے ساتوں اضلاع میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کااعلان کردیا گیا۔ اس امر کا اعلان ملاکنڈ ڈویژن کے ساتوں اضلاع کی تاجر برادری نے پریس کانفرنس میں کیا۔ سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، تیمر گرہ تاجران کے صدر انوار الدین، سخاکوٹ تاجران کے صدرحمید خان اور ملاکنڈ تاجر برادری کے صدر شاکراللہ نے خطاب کرتے ہوئے ہڑتال کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے اس دن پورے ڈویژن میں ہڑتال کا اعلان کیا۔ عبدالرحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے یہاں کے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں۔ اس وجہ سے ہم نے متفقہ طورپر فیصلہ کیا ہے کہ ملاکنڈڈویژن کے ساتوں اضلاع سوات، بونیر، چترال، شانگلہ، دیر لوئر، دیر اپر اور ملاکنڈ میں جمعرات پانچ جولائی کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے اور تمام علاقوں کے تاجران اس ظالمانہ اقدام کے خلاف اپنی دکانیں بند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے، تودوسرے مرحلے میں ہم کسی بھی اقدام سے گریز نہ کرتے ہوئے سول نافرمانی تک جائیں گے۔
Swat
