سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) دہشت گردی سے توبہ تائب ہونے والے افراد کے لئے قائم مرکز ’’پیتھام‘‘ میں مزید 53افراد کی تربیت مکمل ہوگئی ،جس کے بعد انہیں گھروں کو روانہ کردیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس سے اپنے خطاب میں پاک فوج کے جی او سی میجر جنرل علی عامر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پیتھام‘‘ مرکزسوات میں مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے قائم کیا گیا تھا۔ جس میں شدت پسندی سے متاثرہ 53افراد نے تربیت حاصل کی ۔اس تربیت کا مقصد شدت پسندی سے بلا واسطہ متاثر ہونے والے افراد کی ذہنی و روحانی اصلاح کے ساتھ ساتھ انہیں معاشی روزگار کے حصول کیلئے تکنیکی ہنر سکھا کر معاشرے کا فعال رکن بنانا تھا۔ تا کہ وہ ملک وقوم کی ترقی کیلئے اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ جی اوسی نے مزید کہا کہ اس پیشہ ورانہ تربیت سے صرف 53 افراد نہیں بلکہ 53گھرانے مستفید ہونگے۔ تقریب کے آخر میں میجر جنرل علی عامر اعوان نے پیشہ ورانہ تربیت میں اعلیٰ کارگردگی کامظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔
Swat
