سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات کی وادئی ملم جبہ میں فائیواسٹار ہوٹل کی تعمیر آخری مراحل میں پہنچ گئی۔ جنوری میں افتتاح کیا جائے گا۔جنوری میں ہی اسکی ریزورٹ پر عالمی اسکی انگ چمپئن شپ مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ مینگورہ سے 46 کلومیٹر کے فاصلے پر سطح سمندر سے 9200 فٹ کی بلندی پر واقع وادئی ملم جبہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ملک بھر سے سیاحوں نے جنت نظیر وادی میں ڈیرے جمالیے ہیں۔ جہاں سیاح دلکش نظاروں اور سہانے موسم کے ساتھ ساتھ ایک کلومیٹر طویل چیئرلفٹ پر بیٹھ کر خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔ بچوں کے لئے ٹوبنگ اور جمپنگ کی بھی سہولیات موجود ہیں۔ سیالکوٹ،آزاد کشمیر اور لاہور سے آئے سیاحوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وادئی ملم جبہ واقعی جنت نظیر وادی ہے جہاں موسم سہانا، تو نظارے دلفریب ہیں اور اب یہاں سے جانے کو بالکل دل نہیں چاہتا، تاہم انہوں نے خستہ حال سڑکوں کی فوری تعمیر کا مطالبہ بھی کیا۔
