سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات میں ینگ ڈاکٹرز صوبے میں 600 ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور سیدوشریف روڈ پر ریلی نکالی۔ ینگ ڈاکٹرزنے اس موقع پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ڈاکٹروں نے سیدوشریف اسپتال کی سنٹرل ونگ سے سیدوونگ تک ریلی نکالی بعدازاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آفتاب اور دیگر مقررین نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں چھ سو ینگ ڈاکٹرز کی تنخواہ کئی مہینوں سے بند ہے جس کے باعث انہیں سخت مشکلات کاسامنا ہے جبکہ ان کی مراعات میں بھی کمی جارہی ہے جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ ڈاکٹروں کو فوری طورپر تنخواہیں فراہم کی جائیں، بصورت دیگر وہ شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے
