Swat

برہ بانڈئی، تین سال بعد میاں بیوی قتل کا ڈراپ سین

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے علاقہ برہ بانڈئی میں 3سال بعد میاں بیوی کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔پولیس نے 2مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دو ملزمان بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔اس حوالے سے ڈی ایس پی سرکل کبل اکبرخان شنواری،ڈی ایس پی انوسٹی گیشن افسرزمان خان،تفتیشی آفیسر انسپکٹر محمد فیاض خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 26جنوری 2016کو علاقہ برہ بانڈئی میں کمرے کے اندر محمد اعظم خان اور اس کی اہلیہ مسماۃ ب ر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے آئے ان کے بیٹے رحمت علی کو جاگنے پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے کئی بار کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں مگر بے سود رہیں۔ تاہم مسلسل تفتیش کے بعد تفتیشی آفیسر محمد فیاض خان کی سرکردگی میں پولیس نے ملزمان تک رسائی حاصل کی اور اہم ملزم حضربلال ولد محمد زبیر سکنہ برہ بانڈئی کو گرفتار کرلیا۔ملزم کے انکشاف پر مزید ملزمان ثناء اللہ ولد فریدون اور سلیم شاہ ولد منور ساکنان برہ بانڈئی اور محمد وہاب ولد رفیق سکنہ کوزہ بانڈئی کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم محمد وہاب کو بھی گرفتار کرلیا گیاہے۔سلیم شاہ اور ثناء اللہ بیرون ملک مقیم ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں