سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں آر ایچ اے اور ڈی ایچ اے کے نفاذ کے خلاف ڈاکٹروں نے اسپتالوں کے بعد اب نجی کلینکس بھی بند کردئے۔ مریض رلنے لگے۔ڈاکٹروں اور دیگر عملہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پشاور میں گرفتار ساتھیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔ پروانشل ڈاکٹرایسوسی ایشن نے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیا۔ اس موقعہ پر صوبائی وزیر صحت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کردیا۔ ڈاکٹروں اور دیگر عملہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کامران،میاں گل علیم اور دیگر مقررین نے پشاور میں ڈاکٹروں اور دیگر عملہ پرتشدد اور ان کی گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب پراونشل ڈاکٹر ایسوسی ایشن سوات کے صدر ڈاکٹرعبدالواسع نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایکٹ نجکاری کی نئی شکل ہے جس میں عوام کی خیر ہے اور نہ یہ محکمہ صحت کے ملازمین کے لئے نیک شگون ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر صحت فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔
