(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ کے محلہ مکان باغ میں نامعلوم افراد نے سابق ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی کے گھر کے گیٹ کے ساتھ مقناطیسی بم نصب کیا۔ فضل حکیم خان یوسفزئی کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی جس پر ڈی پی اُو سوات شفیع اللہ گنڈا پور اور ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد خان بم ڈسپوزل سکواڈکے ہمراہ پہنچے، جہاں بی ڈی ایس کے اہلکاروں نے بم کو ناکارہ بنادیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص جس نے دستانے پہن رکھے تھے، گیٹ کے ساتھ بم نصب کرتا ہے۔ بی ڈی ایس کے مطابق بم میں 870 گرام معمولی سا بارود تھا۔ سابق ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی کی جانب سے ایک بیان میں حکومت سے سیکورٹی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس سوات کے ایک آفیسر نے نام شائع نہ کرنے پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کو 100 فیصد یقین ہے کہ بم خود فضل حکیم خان یوسفزئی کے کہنے پر لگایا گیا، تاکہ ان کو سیکورٹی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے بم بنایا گیا تھا وہ اناڑی شخص کا کام لگتا ہے۔ واضح رہے کہ فضل حکیم خان یوسفزئی جب ایم پی اے تھے، تو ان کے پاس ایک اے ایس آئی سمیت بارہ پولیس اور لیویز کے اہلکار تھے۔ اس کے علاوہ بہت سارے سرکاری ملازمین بھی ان کے ساتھ ہوا کرتے تھے۔
Swat
