(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب کے نقصانات سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات بارے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں جن علاقوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے، وہاں ضروری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ نے ضلعی انتظامیہ کو تمام محکموں اور اسٹیک ہولڈروں کو مون سون بارشوں کے دوران بھاری مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں، آندھی اور سیلاب کے نتیجے میں نقصانات سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے پیشگی اقدامات بروقت مکمل کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر خود نگرانی کریں۔ ضلعی انتظامیہ سیاحتی مقامات میں سیاحوں کی آمد کے پیشِ نظر اقدامات اٹھائیں اور سیاحوں کو پیشگی موسمی صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔ ضلعی انتظامیہ دریاؤں اور نالوں کے اطراف غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کیخلاف کاروائیاں جاری رکھیں۔
