(باخبر سوات ڈاٹ کام)گورنمنٹ جہانزیب کالج، ڈگری کالج سیدو شریف اورمختلف سیکنڈری سکولوں کے طلبہ نے سوات تعلیمی بورڈ انتظامیہ اور حالیہ انٹر نتائج کے خلاف مکان باغ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے ایف اے، ایف ایس سی کے موجودہ سالانہ نتائج کو مسترد کرتے ہوئے سوات بورڈ میں شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر نظام کو یقینی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ امپروومنٹ اور ری چیکنگ کے داخلوں کی فیس ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر شیراز خان، جنرل سیکرٹری ملک فرہان علی شہزاد اور دیگر نے کہا کہ سوات بورڈ میں اقربا پروری کی وجہ سے اہل طلبہ کی حق تلفی کی جا رہی ہے۔ امتحانی مراکز باقاعدہ فروخت کئے جاتے ہیں، جن میں نا اہل طلبہ نقل کے ذریعے پاس ہوجاتے ہیں اور محنت کرنے والے قابل طلبہ و طالبات ناکام رہتے ہیں۔
