Swat

سیدو ہسپتال میں ہنگامہ آرائی، ڈاکٹروں کا مکمل ہڑتال کا اعلان

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سیدو شریف تدریسی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں نے ہسپتال سے ڈاکٹر کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرنے کے خلاف پیر سے دونوں ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر کو گرفتار نہیں کیا بلکہ ہجوم سے بچانے کے لئے تھانہ میں یک محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز میں کہا گیا ہے کہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں موٹر سائیکل حادثہ کے ایک زخمی مریض کو لایا گیا۔ مذکورہ مریض کو تمام ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی لیکن مریض زیادہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا۔ مریض کی فوتگی کی خبر سن کر لواحقین نے نیوروسرجری کے آن ڈیوٹی سنیئر رجسٹر ڈاکٹر کو زد و کوب کیا اور اس پر بہیمانہ تشدد کیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے مداخلت کی اور ڈاکٹر کو سیکورٹی فراہم کرنے کی بجائے اس پر ایف آئی آر کاٹی اور اسے ہسپتال سے تھانے لے گئے۔پولیس کے تعصبانہ رویہ کی وجہ سے پوری رات نیوروسرجری وارڈ کے تمام مریض بے یار و مددگار پڑے رہے۔ اس سلسلے میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال کے تمام ملازمین کی ایک ہنگامی میٹنگ ہوئی جس میں درج ذیل فیصلے لئے گئے۔پیر کے دن سے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں مکمل ہڑتال ہوگی۔ ساری OPDs بند ہونگی۔ صرف ایمرجنسی کور دیا جائے گا۔ کارڈیالوجی Cath Lab میں صرف اور صرف PPCI سروس دی جائے گی۔ گذشتہ رات موٹر سائیکل حادثے میں زخمی اور بعد میں ہسپتال میں چل بسنے والے ذوالقرنین کے لواحقین نے ایمرجنسی میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور الزام لگایا کہ نیورو سرجن ایک گھنٹہ بعد آیا جس کی وجہ سے زخمی چل بسا۔ ایس ایچ او سیدو شریف نثار الدین نے رابطہ پر باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ انہوں نے ڈاکٹر کو گرفتار نہیں کیا بلکہ مشتعل ہجوم سے بچانے کے لئے تھانے منتقل کیا اور وہاں ان کے ساتھ عزت سے پیش آئے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں