(باخبر سوات ڈاٹ کام)ضلع سوات کی تحصیل بابوزئی کے دو دیہات، سپل بانڈئی اور شیر اطرف کے مابین کئی دہائیوں سے جاری زمین کے پیچیدہ تنازع کے پرامن اور روایتی حل کے لیے آج ایک اہم گرینڈ جرگہ ڈپٹی کمشنر سوات دفتر کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ جرگے کی صدارت ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محمد حامد بونیرے، سپرنٹنڈنٹ پولیس لوئر سوات غلام صادق، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرII بابوزئی طارق خان اور ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف روشن علی اور ڈاکٹر خالد محمود نے بھی شرکت کی۔ جرگے میں دونوں فریقین کے معتبر اور غیر جانبدار عمائدین کو نمائندگی کے لیے مدعو کیا گیا۔سپل بانڈئی کی جانب سے سلیم خان (قمبر)، عبدالجبار خان (درشخیلہ) اور ڈاکٹر شیبر خان (سابق ڈی ایچ اُو سوات) جبکہ شیر اطراف کی جانب سے عاصم اللہ خان (پانڑ مینگورہ)، حسین شاہ خان (ضلع دیر)، اجمیر شاہ (سوات) اور افسر خان (بونیر) نے بطور مرکزی جرگہ اراکین شرکت کی۔علاوہ ازیں دونوں گاؤں کے منتخب نمائندگان نے اپنے اپنے موقف کو نہایت وضاحت سے پیش کیا۔ جرگے کے دوران فریقین نے کھلے دل سے اپنی شکایات اور تحفظات بیان کیے، اور مسئلے کے تمام پہلوؤں پر صبر و حکمت سے مبنی ایک تفصیلی بحث کی گئی، جو پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔بات چیت کے دوران جرگہ ممبران نے علاقے کی روایات، زمینی حقائق اور برادریوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے تنازع کے ممکنہ حل پر غور کیا۔ باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی فضا میں دونوں فریقین نے گرینڈ جرگہ کو متفقہ طور پر مکمل اور حتمی اختیار دیتے ہوئے باقاعدہ اسٹامپ پیپر پر حلف نامے جمع کروائے، جس میں یہ اقرار کیا گیا کہ وہ جرگہ کے کسی بھی فیصلے کو، خواہ وہ ان کے حق میں ہو یا خلاف، تسلیم کریں گے۔تاہم، جرگہ کے اختتام پر فریقین کی درخواست پر جرگہ نے دونوں جانب کے نمائندوں کو اجازت دی کہ وہ اپنے اہل علاقہ اور دیگر متعلقہ افراد سے مشاورت کے لیے کچھ مہلت حاصل کریں، تاکہ وہ آئندہ جرگے کے فیصلے میں مزید یکسوئی اور ہم آہنگی کے ساتھ شریک ہو سکیں۔
Swat
