(باخبر سوات ڈاٹ کام)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محمد حامد بونیرے کی زیرِ صدارت مینگورہ شہر اور گردونواح کے عوامی مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، واپڈا کی جانب سے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر قانونی کارروائی، زائد بلنگ، سڑکوں پر ٹریفک جام، تعمیراتی کاموں میں سست روی اور صفائی وستھرائی میں بہتری جیسے مسائل شامل تھے ۔اجلاس میں تختہ بند کھلا ڈھیر پُل پر جاری تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے پانی کے بلوں میں صفائی کے چارجز وصول کیے جانے کے باوجود 9 یونین کونسلوں میں صفائی کا عملہ تعینات نہ ہونے پر شرکا نے تشویش کا اظہار کیا۔ مینگورہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل، سڑکوں کی صورتحال اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری پر بھی تفصیلی سے بات چیت ہوئی۔اجلاس میں سٹی میئر کونسل شاہد علی، سپرنٹنڈنٹ پولیس غلام صادق، صدر ٹریڈرز فیڈریشن عبدالرحیم، ڈاکٹر خالد محمود، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سوات، صدر سوات پریس کلب نیاز احمد خان، چیئرمینان یونین کونسلز، متعلقہ محکموں کے افسران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد حامد بونیرے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ تمام مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور متعلقہ اداروں سے قریبی روابط رکھ کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
