(باخبر سوات ڈاٹ کام) انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنرسوات جنید خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہئ صحت و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنرسوات کی جانب سے متعلقہ حکام کو 2013ء سے 2022ء کے درمیان ڈینگی لاروا کی موجودگی سے متعلق ڈیٹا کو سامنے رکھتے ہوئے ہائی رسک علاقوں میں اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر فضل عارف کی سربراہی میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں پر مشتمل کور ٹیم کو مزید متحرک کرنے اورمتعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کرنے کا فیصلہ ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام اداروں بشمول ضلعی اور تحصیل انتظامیہ، ضلعی محکموں اور بالخصوص محکمہئ صحت کو ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے بھر پور کر دار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنرسوات جنید خان نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیل میونسپل آفیسرز کو ڈینگی لاروا کی ممکنہ پرورش والی جگہوں کی نشاندہی کرنے اور لاروا کی افزائش روکنے کے لئے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
Swat
