(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ کے نواحی علاقہ سالنڈہ، سنگوٹہ میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں شدت پسند ہلاک ہوگیا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ملاکنڈ ریجن کے جاری کردہ بیان کے مطابق مقابلے میں ہلاک دہشت گرد کی پہچان عادل زیب ولد میاں صاحب جان ساکن شکرے منگلور ضلع سوات ہوئی۔ ہلاک شدہ دہشت گرد کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوگیا۔ مذکورہ دہشت گرد نے وی ڈی سی ممبر محمد ادریس خان کی گاڑ ی پر ”آئی ای ڈی“بلاسٹ کیا تھا، جس میں VDCممبر ادریس خان،2پولیس اہلکاران سمیت کل 8افراد شہید ہونے کے کیس میں سی ٹی ڈی ملاکنڈ کو مطلوب تھا۔ وہ ٹارگٹ کلنگ کے علاہ متعدد مقدماتِ دہشت گردی، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب تھا۔ ہلاک شدہ دہشت گرد کے دیگر دہشت گرد ساتھی زخمی حالت میں رات کی تاریکی اور گھنے باغات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔سوات میں پولیس مقابلے میں ہلاک شدت پسند عادل زیب 2007ء سے2009ء تک دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عادل زیب اور اس کے شدت پسند چچا زاد اسماعیل کو گرفتار کیا تھا۔ کافی عرصے تک وہ قید میں تھا۔ چند ماہ پہلے ان دونوں کو رہا کیا گیا تھا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چند دن قبل عادل زیب اور اس کا چچازاد اسماعیل پُراسرار طور پر لاپتا ہوگئے تھے، جن میں اسماعیل تا حال لاپتا ہے۔
Swat
