(باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ بائی پاس پر مبینہ مقابلے میں جاں بحق باپ بیٹے کی فاتحہ خوانی کے لئے تحریک انصاف کے منتخب نمائندے ان کے گھر پہنچ گئے۔ تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی سلیم الرحمان، ایم پی اے اور ڈیڈک چیئر مین فضل حکیم خان یوسف زئی اور سٹی مئیر شاہد علی خان نے ان کے گھر جاکر ان کے بیٹے وقاص خان سے ان کی وفات پر تعزیت کی اور جاں بحق باپ بیٹے کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس سلسلے میں جاں بحق علی سید کے بیٹے اور انیس کے بھائی وقاص خان سے اس بارے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے اس خبر کی تصدیق کردی۔ 8 اکتوبرکو سی ٹی ڈی پولیس نے ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ بائی پاس روڈ پر ایک کارروائی میں دو دہشت گرد باپ بیٹے ہلاک ہوچکے ہیں جن سے اسلحہ وبارود برآمد کیا گیا۔ بعد میں سی ٹی ڈی پولیس کی خبر غلط ثابت ہوئی اور ثابت ہوا کہ باپ بیٹے کو رقم کی لین دین پر قتل کیا گیا تھا۔
Swat
