(باخبر سوات ڈاٹ کام)اسلامپور کاٹیج انڈسٹریز ایسوی ایشن سوات نے ضلع سوات، شانگلہ اور کوہستان میں پانچ ہزار پانچ سو سے زائدسیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں خوردنی ور غیر خوردنی اشیا تقسیم کیں۔ خوردنی اشیا میں آٹا، چاول، چینی، دال چنا، تیل، مصالحہ جات، خشک دودھ، نمک اور چائے کے پتے شامل تھے۔ سوات کے بالائی علاقوں کے مکینوں میں پانچ سو پچھانوے خیمے تقسیم کئے گئے۔ خوردنی اشیا کے علاوہ چار سو چھیانوے ہائی جین کٹس اور پانچ سو ہائی جین بیگز بھی تقسیم کئے گئے۔ تحصیل بحرین کے تین ہزار ایک سو انتالیس، بابوزئی کے اٹھارہ سو تین، مٹہ کے دو سو سترہ، کبل کے ایک سو بتیس اور تحصیل بریکوٹ کے 75 متاثرین اور غریب افراد میں امدای اشیا تقسیم کی گئیں۔ ضلع سوات کے علاوہ ضلع شانگلہ اور کوہستان میں بھی بالترتیب پچاس اور 153افراد کو امدادی اشیا فراہم کی گئیں۔ اسلامپور کاٹیج انڈسٹریز ایسو سی ایشن سوات کے ایگزیگیٹو ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ یہ امدای سامان مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم ال عیسیٰ نے ملالہ یوسف زئی کو تحفے میں دیا تھا، جسے ضلع سوات کے پانچ جبکہ ضلع شانگلہ اور کوہستان کی ایک ایک تحصیل میں تقسیم کیا گیا۔
Swat
