(باخبر سوات ڈاٹ کام) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسترد کرکے امن، ترقی اور ریاست کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سوات کے عوام یومِ نجات منا رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی نے صوبے کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ امیر مقام نے سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کی مخالفت بھی کی۔ سوات میں مسلم لیگ ن کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ امن اور ترقی کے حامی ہیں۔ ان کے بقول جلسے میں عوام کی بڑی تعداد وفاقی حکومت کے فیصلوں کی تائید کا اظہار ہے۔ امیر مقام نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے دور میں خیبر پختونخوا کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا اور صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مبینہ لوٹ مار کا حساب لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جذبے کے تحت ملک کا دفاع کررہے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو زلزلے، سیلاب یا دہشت گردی کا سامنا ہو تو فوج مشکل حالات سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ریاست اور ترقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ صوبے کے عوام کو ساتھ لے کر چلیں اور خیبر پختونخوا کے لیے آٹے کی ترسیل آسان بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کا نفاذ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور معاشی مشکلات میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 11 اکتوبر کو دفن ہوچکی ہے ۔
Swat
