سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام ) آئی جی پولیس خیبر پختونخوا محمد طاہر نے کہاہے کہ شفاف اور پر امن انتخابی عمل کو یقینی بنانے کیلئے خیبر پختونخوا پولیس تمام وسائل بروئے کار لائیگی۔الیکشن کے دوران پولیس غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن عامہ میں رخنہ اندازی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح چوکس رہے۔دہشت گردی اور دیگر درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرکے خیبر پختونخوا پولیس نے بہادری کی انمٹ تاریخ رقم کردی ہے، جسکا پورا ملک معترف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن کبل میں پولیس دربار اور ڈی آر سی مینگورہ کے دفتر میں عمائدین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ ریجن سعید وزیر اور ڈی پی او سوات اشفاق انور بھی موجود تھے ۔آئی جی خیبر پختونخوا نے کہاکہ پولیس کے ہر رینک کا افسر اور جوان شہدا کی لازوال قربانیوں اور فورس کے وقار کو بلند کرنے میں اپنا بھر پور پیشہ وارانہ کردار ادا کریں ۔عوام کی خدمت کو نصب العین بناکر قانون اور انصاف کی بالا دستی کو ہرحال میں مقدم رکھا جائے۔
