(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کی وادیِ کالام کے علاقہ ”مہو ڈنڈ“(مہوڈنڈ جھیل) کا شمار سوات کی خوبصورت ترین جھیلوں میں ہوتا ہے۔ سوات آنے والے سیاح مہو ڈنڈ دیکھے بغیر واپس نہیں جاتے۔ ان دنوں جب ملک کے بیشتر علاقوں میں سخت گرمی ہے، تو ملک بھر سے سیاحوں کی سوات اور خاص کر مہو ڈنڈ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کالام مینگورہ شہر سے 99 کلومیٹر اور مہو ڈنڈ کالام سے 32 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ کالام سے مہو ڈنڈ جانے والے پورے راستے میں دریا بہتا نظر آتا ہے۔ راستے میں بلند آبشار، گلیشیر، گھنے جنگلات، قدرتی چشمے نظر آتے ہیں جو اس سفر کو مزید حسین بناتے ہیں۔ مہو ڈنڈ پہنچ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ یورپ کے کسی حسین ملک میں پہنچ گئے ہیں۔ جھیل کے چاروں طرف ہری چراگاہیں اور جھیل کا زمرد رنگ کا پانی اس کومزید حسین بنا دیتا ہے۔ جھیل میں دو سو کے قریب کشتیاں ہیں جن میں سیاح سفر کرتے ہیں۔ مہو ڈنڈ میں موسم کافی سرد ہوتا ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں۔ مہو ڈنڈ میں رہائش کے لئے خیمہ بستی قائم ہے۔ خوراک کے لئے کافی تعداد میں چھوٹے چھوٹے ریسٹورنٹ ہیں جن میں مشہور ٹراوٹ مچھلی بھی ملتی ہے۔ مہوڈنڈ میں موجود مینگورہ کے رہائشی فضل خالق نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ مہو ڈنڈ کے قریب آبادیاں شروع کی گئی ہیں۔ ان بے ترتیب آبادیوں کی وجہ سے مہو ڈنڈ کا قدرتی حسن مانند ہو جائیگا۔ اس لئے حکومت کو چاہیے کہ اس کا نوٹس لے۔
Swat
