(باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے سیلاب سے متاثرہ سوات کے سیاحتی مقام بحرین کا دورہ کیا۔ بحرین بازار میں نقصانات، بحرین کالام رابطہ پل کی عارضی بحالی، دراڑ خوڑ سے ملحقہ آبادیوں میں نقصان کا جائزہ لیا اور متاثرین میں امدادی پیکیجز تقسیم کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر بحرین اسحاق احمد نے امدادی سرگرمیوں پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کو بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل بحرین میں منقطع علاقوں اور سیلاب متاثرین میں تقسیم کئے گئے۔ امدادی پیکیجز، ریلیف اور بحالی اقدامات سے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو آگاہ کیا۔ دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کا کہنا تھا کہ دراڑ خوڑ پر پل کی ہنگامی بنیادوں پر بحالی پر مقامی انتظامیہ اور پاک آرمی انجینئرنگ کور داد کے مستحق ہیں۔ کالام تک آمد و رفت کی بحالی ترجیح ہے۔ کالام تک روڈ کی بحالی پر دونوں اطراف سے کام ہورہا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے دو سے تین دن میں کالام روڈ آمد و رفت کے لئے بحال کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ دریائے کنارے ایسے تعمیرات جو غیر قانونی تھے اور سیلابی ریلے میں بہہ گئے یا نقصان پہنچا ہے، ان کی بحالی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایسی متاثرہ تعمیرات کو ہٹایا جائے گا۔
Swat
