Swat

لوگوں نے کالام سے کاندھوں پر پیدل سبزی بحرین پہنچانے کا آغاز کردیا

(باخبرسوات ڈاٹ کام)سیلاب سے متاثرہ وادی کالام میں کروڑوں روپے کی سبزیاں خراب ہونے کا خدشہ ہے،جس کے بعد لوگوں نے کالام سے کاندھوں پر پیدل سبزی بحرین پہنچانے کا آغاز کردیا۔ بحرین پہنچنے والے عبدالحق نے مشرق کو بتایا کہ بیشتر کھیت اور فصل تو سیلاب میں بہہ گئے ہیں لیکن جو سبزیاں بچی ہیں، وہ کھیتوں میں خراب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کالام اور گرد نواح کے علاقوں میں آلو، مٹر، فریش بین، ٹینڈے، گوبھی اور کھیرے کی فصل تیار ہے مگر سڑک بند ہونے کی وجہ سے سبزیاں خراب ہورہی ہیں۔ ایک کاشتکار حضرت فقیر نے مشرق کو بتایا کہ وہ کالام سے ایک بوری میں سبزی بند کرکے صبح سویرے کالام سے روانہ ہوتے ہیں اور شام تک پیدل سفر کرکے بحرین پہنچتے ہیں،جہاں سبزی کو بیچ کر رات گزارتے ہیں اور صبح گھر کی خوراک کے لئے ضروری اشیا خرید کر واپس کالام روانہ ہو جاتے ہیں۔ ایک اور کاشتکار ارباب خان نے مشرق کو بتایا کہ ان کے پاؤں میں چھالے پڑ چکے ہیں لیکن غربت کی وجہ سے وہ روزانہ سبزی لانے اور سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
محکمہ زراعت تحصیل بحرین کے مطابق کالام اور تحصیل بحرین کے باقی علاقوں میں 925 ایکٹر زرعی اراضی پر سبزیوں کی پیدوار ہوتی ہے اور ایک سیزن میں اس سے کاشتکاروں کو 30 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدن ہوتی ہے۔ موجودہ سیلاب کے بعد راستوں کی بندش کی وجہ سے کروڑوں روپے کی سبزیوں کے خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
کالام کے آلو یخ آ ب وہوا کی وجہ سے ملک کے بہترین آلو قرار دیے جاتے ہیں۔ کالام کا آلو زیادہ تر اسلا م آباد، لاہور اور کراچی میں فروخت ہوتا ہے او ر اس کی قیمت عام آلو کے مقابلے میں تین گناہ زیادہ ہوتی ہے۔ اس آلو کو فائیو سٹار ہوٹل یا برینڈز کے فاسٹ فوڈز والے خریدتے ہیں، جس سے چپس بنائے جاتے ہیں جو خاص قسم کے لذیز ہوتے ہیں۔ حالیہ سیلاب کے بعد کالام کا آلو ان شہروں تک پہنچانا نا ممکن نظر آرہاہے۔

اشتہار / Advertisement
اس تحریر کو شیئر کریں:

⭐ آپ کو یہ تحریر کیسی لگی؟ (درجہ بندی کریں)

براہ کرم اس تحریر کو 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹنگ دیں

اوسط ریٹنگ: 0 / 5 (0 ووٹ)

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔