(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز مٹہ چوک خوازہ خیلہ میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں سوات قومی جرگہ، پختون خواہ میپ، پیپلز پارٹی، اے این پی، ن لیگ، جے یو آئی، قومی وطن پارٹی، سوات اولسی پاسون، پی ٹی ایم اور سول سو سائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور علاقہ مشران نے شرکت کی۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف اور امن کے قیام کے لئے نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ سوات میں وہ کسی بھی صورت دہشت گردی کے لئے تیار نہیں۔اس بار سوات کے عوام بیدار ہوچکے ہیں۔ وہ لوگ جو اہلِ سوات کو نکالنا چاہتے ہیں، اب اہلِ سوات انہیں سوات سے نکال کر باہر پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب تک سوات کی سرزمین پر ایک بھی دہشت گرد موجود رہے گا، اس وقت احتجاج کا یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ آئندہ جمعہ کو چارباغ میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ مٹہ کالج اور شیر پلم سکول کو خالی کیا جائے، تاکہ وہاں نصابی سرگرمیاں شروع ہو جائیں اور سیکورٹی فورسز سوات سے نکل جائیں۔
Swat
