(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈویژنل سطح پر غیر قانونی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو قانونی دائرہ کار میں لاتے ہوئے ایک موثر حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے کی۔ ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی شاہ جمیل خان اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محکمہ کے حکام اور اضلاع سے پولیس آفیسرز شریک ہوئے۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اجلاس کو ملاکنڈ ڈویژن میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں سے متعلق اعداد و شمار پیش کئے۔ اس حوالے سے ماضی میں کیے گئے اقدامات اور موجودہ صورتحال پر بریف کیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محکمے کے حکام کو غیر قانونی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور رکشوں کو رجسٹرڈ کرتے ہوئے پندرہ روز کے اندر رپورٹ جمع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے غیر قانونی موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے اور ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ اجلاس میں غیر قانونی اڈوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اجلاس میں مختلف بارگینوں میں موجود گاڑیوں کا ڈیٹا ترتیب دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع کی سطح پر اس ضمن میں قائم کمیٹیوں کو فعال کرتے ہوئے کمیٹیوں کے تحت اقدامات کی رپورٹ جمع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔
Swat
