(باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زی نے منشیات کے عادی افراد کو دوبارہ معاشرے کا مفید شہری بنانے اور سماج میں انہیں باعزت مقام دلانے کیلئے ایک جامع فریم ورک اور حکمت عملی کے تحت انکی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ڈویژن کے تمام اضلاع سے ایک ہفتے کے اندر نشے میں مبتلا افراد کا صحیح ڈیٹا طلب کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی سطح پر خدمات سرانجام دینے والے بحالی مراکز کے اعداد و شمار فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں سرکاری سطح پر چلنے والے بحالی سنٹرز کی مزید فعالیت کیلئے اقدامات اُٹھائیں جائیں گے، تاکہ وہاں پر نشئی افراد کی مکمل صحت یابی اور دوبارہ معاشرے کے مفید اور کارآمد شہری بنانے کیلئے تمام تر سہولیات میسر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کمشنر آفس سیدوشریف سوات میں نشئی افراد کی دوبارہ بحالی کیلئے حکمت عملی اور پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کے علاوہ سیکرٹری ٹو کمشنر محمد علی خان، ڈویژن بھر کے اضلاع کے انتظامی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور نشئی افراد کی بحالی کیلئے خدمات سر انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
Swat
