(باخبرسوات ڈاٹ کام)ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے خصوصی افراد کے لئے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد مینگورہ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹر میں کیا گیا جس میں خصوصی افراد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کے مسائل سے ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو آگاہ کیا۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سہیل خان کے علاوہ ضلعی، صوبائی اور وفاقی محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں خصوصی افراد کو درپیش مختلف مسائل جس میں مالی معاونت کے حصول میں درپیش مسائل، وہیل چیئر اور دیگر معذوری سے متعلق آلات و سہولیات کی فراہمی، مختلف پرائیوٹ و سرکاری عمارتوں میں سروسز کے حصول میں حائل چیلنجز، خصوصی افراد کے لئے ملازمت کوٹہ پر عملدرآمد اور میرٹ پر ملازمتوں کی فراہمی، خصوصی طلبہ وطالبات کو وظائف کی فراہمی، ہنر مند اور روزگار پروگرام شروع کرنے جیسے مسائل و تجاویز کھلی کچہری میں پیش کی گئیں۔ کھلی کچہری میں مسائل کے حل کی جانب احکامات جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کوٹہ پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمے قواعد و ضوابط کے تحت کام کررہے ہیں۔
Swat
