(باخبر سوات ڈاٹ کام)خوازہ خیلہ میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن پر خوازہ خیلہ پولیس نے پارٹی رہنماؤں سمیت 2500 کارکنوں پر انسدادِ دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کردی۔ علت نمبر 713 کے تحت درج ایف آئی آر میں سابق ایم این اے جنید اکبر، سابق ایم پی اے فضل حکیم قصاب، سٹی میئر شاہد علی خان، عمران سوات خان، رفیق الرحمان، آصف شہزاد اور 2400/ 2500 تحریکِ انصاف کے دیگر کارکنان شامل ہیں، پر دفعات 186, 187, 188, 341, 283, 353, 500, 501, 506, 7ATA, 147,149, 124A, PPC3/4 کی دفعات درج کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ گذشتہ روز ان افراد نے جگہ جگہ روڈ بند کرکے ٹریفک میں خلل ڈالا اور علی شاہ ایڈوکیٹ کے حجرے کے قریب جمع ہوکر لاوڈ اسپیکر پر کارکنوں کو پولیس کے خلاف اشتعال دلاتے رہے، امن و امان میں خلل ڈالتے رہے اور کارکنان کو انتظامیہ اور پولیس کے خلاف اشتعال دلاتے رہے۔ پولیس نے مقدمہ میں نامزد 37 کارکنوں کو گرفتار کرکے ایڈیشنل سیشن جج ششم کے سامنے پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت کے جج نے تمام ملزمان کو یک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب ایف آئی آر میں درج تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو ضمانت قبل از گرفتاری سے پہلے گرفتاری کے لئے پولیس کی بھاری نفری ضلعی کچہری کے باہر جگہ جگہ موجود تھی، لیکن عدالتی وقت ختم ہونے تک کوئی رہنما بی بی اے کے لئے عدالت نہ پہنچ سکا۔
