(باخبر سوات ڈاٹ کام) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خواذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس افسران کی تنخواہ بلوچستان کے افسران کے برا بر اور باقی پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لئے صوبائی حکومت کام کر رہی ہے۔ امید ہے کہ جولائی سے پولیس کو اضافی تنخواہ ملنا شروع ہو جائے گی۔ دورہئ سوات کے دوران پولیس لائن کبل میں آر پی او شیر اکبر خان اور ڈی پی او ناصر محمود کے ہمراہ پولیس دربار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا پولیس دہشت گردوں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ یہاں کی پولیس نے عوام کی حفاظت کے لئے جانوں کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا پولیس کو جدید ہتھیاروں اور گاڑیوں سے لیس کردیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت، پولیس کے لئے مزید جدید اسلحہ خرید رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں سزا اور جزا کا عمل جاری رہیگا۔
