سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں الیکشن کے لیے سیکورٹی پلان مکمل، تین قومی اور آٹھ صوبائی حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر بنائے گئے پولنگ اسٹیشنوں پر 4710 پولیس افسران و اہلکار امن و امان قائم رکھنے کے لیے فرائض انجام دیں گے۔ ضلع بھر میں 770 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس پر عملہ کو تمام تر سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او سوات سید اشفاق انور نے اپنے دفتر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی بھر میں الیکشن کے دن امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کے لیے 2828 اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی الیکشن کے دن حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے لیکن جو بھی اس عمل میں ملوث پایا گیا، تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر اب تک الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق اب تک 400 افراد کے خلاف کارر وائی کرچکے ہیں۔سیکورٹی خدشات پر 152 امیدواروں کو تحریری درخواست پر سیکورٹی بھی فراہم کرچکے ہیں۔
