سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 25 جولائی 2018ء کے انتخابات صرف انتخابات نہیں بلکہ نظریات کی جنگ ہیں۔ اس جنگ میں متحدہ مجلس عمل کامیابی حاصل کرے گی۔ نشاط چوک مینگورہ میں انتخابی جلسہ سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو نئے پاکستان کی نہیں بلکہ اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے غیور عوام 25 جولائی کو اسلامی پاکستان کے حق میں ووٹ دے کر ثابت کردیں گے کہ پاکستانی سیکولر پاکستان نہیں بلکہ اسلامی پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں آئندہ حکومت ایم ایم اے کی ہوگی۔ جس طرح سابق دور میں ایم ایم اے نے اس صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا تھا، 25جولائی کے بعد بھی یہ اتحاد کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر سودی اور ظلم کے نظام کا خاتمہ کرکے غیر منصفانہ ٹیکسوں کا فرسودہ نظام ختم کریں گے اور ایسا نظام لائیں گے جس میں امیر و غریب کے لئے ایک قانون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی کے5کے سابق درویش ایم پی اے محمد امین نے سوات میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے، جس کی وجہ سے سوات کے عوام نے ان کو خادمِ سوات کا خطاب دیا۔ کل25جولائی کو پی کے 5کے عوام محمد امین اور این اے 3کے عوام شیخ الحدیث و شیخ القران مولانا زرداد بابا جی کے فرزند مولانا حجت اللہ کے حق میں ووٹ دے کر اپنے لئے خادمین کا انتخاب کریں گے۔ جلسہ سے پی کے 5سے ایم ایم اے کے امیدوار محمد امین اور این اے 3سے متحدہ علمائے سوات کے متفقہ امیدوار مولانا حجت اللہ نے بھی خطاب کیا ۔
