سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) خیبرپختونخوافوڈسیفٹی اورحلال فوڈاتھارٹی نے سوات کے عوام کوملاوٹ سے پاک معیاری اشیاکی فراہمی کیلئے کاروائیاں تیز کردی ہیں۔ شہریوں کوصاف اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حلال فوڈ اتھارٹی سوات کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اوراتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل کی ہدایات کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر محمداسد قاسم کی سربراہی میں انسپکشن کے دوران گجرات پنجاب سے آنے والے دودھ سے بھرے ٹینکر کو روک کر اس کا معائنہ کیا، تو وہ ملاوٹ شدہ پایا گیا۔ نظامت حیوانات کے ڈاکٹر سردارعلی نے دودھ کا ٹیسٹ کیا تو اس میں23 فیصد پانی کی ملاوٹ پائی گئی، جس پر ٹینکر مالکان کو بھاری جرمانہ کیا گیا اور اس کی موقع پر وصولی بھی یقینی بنائی گئی۔ فوڈسیفٹی اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ملاوٹ شدہ دودھ کوکسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیاجائے گااور اس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن راست اقدام اٹھایا جائے گا۔
Swat
