سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) اسلام میں حلال خوراک پر بہت زور دیا گیا ہے۔ کیونکہ اس کا براہ راست تعلق انسانی صحت سے ہے۔ خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا مقصد بھی لوگوں کو پاک صاف اور حلال خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اتھارٹی نے صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ملاکنڈ ڈویژن بھر کے قصاب خانوں میں جانوروں اور بازاروں میں مرغیوں کو اسلامی طریقے سے ذبح کرنے کو یقینی بنا دیا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلا ف سخت کارروائی کی جاتی ہے۔دکانوں کو سیل کرکے بھاری جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے پروگرام ’’رنگونہ د سوات‘‘ میں مذاکرہ ہوا جس میں حلال فوڈ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیوٹریشن شہاب خان اور گورنمنٹ دارالعلوم اسلامیہ سیدو شریف کے صدر مفتی عمر دراز فیضی نے بطور مہمان حصہ لیا اور سامعین کو جانوروں اور پرندوں کو ذبح کرنے کے بارے میں اسلامی نقطۂ نظر اور فوڈ اتھارٹی کی اس ضمن میں کارروائی سے آگاہ کیا ۔
