سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ نے ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ تمام شعبوں میں کارکردگی اور اہداف پر بھرپور توجہ دیں۔ انہیں ہر لحاظ سے شفاف اور خودکار بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کھلی کچہریوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھنے اور شہریوں کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل پر رپورٹ شدہ شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے جبکہ ان تمام معاملات میں انہیں بھی آن بورڈ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ وہ کمشنر آفس سیدو شریف میں ڈسٹرکٹ پرفارمینس مینجمنٹ ریوو سے متعلق سہ ماہی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں محکموں کی کارکردگی، عوامی ریلیف اور مالی و انتظامی اہداف پر پیشرفت سمیت متعدد امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے بھی کئے گئے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام اضلاع میں انتظامی افسران کے اقدامات فیصلہ کن اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں، جس کا عوام کو زیادہ فائدہ پہنچنے۔ یوں افسران کی کارکردگی اور ترقیوں پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔
