سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) سوات میں درجۂ چہارم ملازمین نے چارکول کے حصول اور سیاسی مداخلت کے خلاف شدید بارش کے باجوود دوسرے روز بھی دھرنا جاری رکھا۔ دفاتر میں ملازمین کے احتجاج کے باعث صفائی و غیرہ کا کام ٹھپ ہوکر رہ گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ گذشتہ روز ضلعی کچہری کے سامنے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سید خطاب، اکرام اللہ اکرام اور دیگر نے کہا کہ چارکول ملازمین کا جائز حق ہے۔ متعلقہ ٹھیکیدار نے تاحال چارکول کی سپلائی شروع نہیں کی ہے، جس کی وجہ سے ملازمین شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات بھی کامیاب نہیں ہوئے ہیں جب کہ ملازمین نے شدید سردی کے باوجود احتجاج کا راستہ اپنا یا ہے۔ انہوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تمام ملازمین کو چارکول کا حق دیا جائے اور محکموں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا جائے۔
Swat
